ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنے تنہائی سے متعلق وائرل بیان کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔اداکار نے کہا کہ وہ اپنی ذات کے بارے میں بات نہیں کر رہے تھے بلکہ عمومی کیفیت اور سوچ کا اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق وہ اکیلے نہیں ہیں کیونکہ ان کے پاس خاندان، دوست اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو ہمیشہ ان کے ساتھ رہتی ہے۔سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری وضاحتی پیغام میں کہا کہ لوگوں کی محبت اور دعائیں ان کے لیے سب سے بڑا سہارا ہیں اور وہ خود کو کبھی تنہا محسوس نہیں کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات وہ مصروفیات اور ہجوم سے تھک کر خاموشی اختیار کرتے ہیں، لیکن ان کے الفاظ کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ ان کی والدہ بھی صورتحال پر پریشان ہو گئی تھیں، اس لیے مداحوں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کی ایک پوسٹ میں تنہائی اور اکیلے پن کے حوالے سے بات کو سوشل میڈیا پر مختلف انداز میں لیا گیا تھا، جس کے بعد مداحوں میں تشویش اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔
تنہائی سے متعلق بیان کو غلط سمجھا گیا، سلمان خان کی وضاحت سامنے آگئی
14 گھنٹے قبل