لندن میں ’دی ممی‘ فلم کے خوفناک پوسٹر پر پابندی عائد
لندن( شوبز ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہارر فلم ’دی ممی‘ کے تشہیری پوسٹر کو عوامی شکایات کے بعد نمائش سے روک دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوسٹر میں ایک کم عمر بچی کا چہرہ دکھایا گیا تھا، جس کی رنگت سرمئی، ہونٹ پھٹے ہوئے جبکہ سر کے ایک حصے پر ممی کی پٹیاں لپٹی ہوئی تھیں، جس سے وہ مردہ بچی جیسی دکھائی دیتی تھی۔پوسٹر کی تشہیر کے بعد تقریباً 30 افراد نے شکایات درج کرائیں۔ شکایت کنندگان کا مؤقف تھا کہ تصویر عوامی مقامات، خصوصاً لندن انڈر گراؤنڈ میں دکھانے کے لیے انتہائی خوفناک ہے اور اس سے بچوں پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔فلمی اسٹوڈیو نے دفاع میں کہا کہ پوسٹر احتیاط سے تیار کیا گیا تھا، جس میں نہ تشدد دکھایا گیا اور نہ ہی کوئی خوفناک منظر، جبکہ بچی کے چہرے پر بھی کسی قسم کے جذباتی تاثرات نہیں تھے۔تاہم ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈز اتھارٹی نے اس وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ پوسٹر دیکھنے والے افراد اسے حقیقی مردہ بچی کی تصویر سمجھ سکتے ہیں۔اتھارٹی کے مطابق اشتہار بالخصوص کم عمر بچوں کے لیے پریشان کن ہو سکتا ہے، اس لیے اسے عوامی مقامات، بشمول لندن انڈر گراؤنڈ، پر آویزاں کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔