دوست کی موت پر کرشی تھاپنڈا کا جذباتی بیان
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی اداکارہ، ماڈل اور سابق بگ باس کناڈا کی شریکِ مقابلہ کرشی تھاپنڈا نے اپنے گھر سے دوست کی لاش ملنے کے واقعے کے بعد پہلے عوامی بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے پر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔بنگلورو میں واقع اپنے گھر سے لاش ملنے کے واقعے کے بعد 37 سالہ اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری اپنے جذباتی پیغام میں کہا کہ انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ انہیں اتنے تکلیف دہ واقعے پر عوامی طور پر وضاحت دینا پڑے گی۔کناڈا فلموں کی اداکارہ کے مطابق انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں ایسا بیان لکھنا پڑے گا، کیونکہ ان کے لیے اس واقعے کے بارے میں لکھنا اور اسے دنیا کے سامنے بیان کرنا انتہائی مشکل اور تکلیف دہ ہے۔کرشی تھاپنڈا نے کہا کہ انہوں نے ابتدا میں خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم بڑھتی ہوئی قیاس آرائیوں اور ان سے، ان کے دوستوں اور دونوں خاندانوں سے مسلسل کیے جانے والے سوالات کے باعث انہیں حقیقت بیان کرنا ضروری محسوس ہوا۔