خیبرپختونخوا میں مفت وائی فائی منصوبے کا آغاز، جامعات اور کالج بھی شامل ہوں گے

خیبرپختونخوا میں مفت وائی فائی منصوبے کا آغاز، جامعات اور کالج بھی شامل ہوں گے

Jul 11, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے "خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی" منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں پشاور کے سرکاری اسپتالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ مراکز پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ منصوبے کو وسعت دیتے ہوئے صوبے کی تمام سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مفت وائی فائی کی سہولت مہیا کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں پشاور کے اہم سرکاری مقامات کو اس منصوبے سے منسلک کیا جا رہا ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں ایبٹ آباد، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا تقریباً 70 سے 80 فیصد ڈیجیٹل گورننس کی جانب پیش رفت کر چکا ہے اور حکومت سرکاری خدمات کو مرحلہ وار کاغذ سے پاک نظام میں منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے۔ ان کے بقول عمران خان کے وژن کے مطابق جدید ڈیجیٹل سہولیات ہر شہری تک پہنچائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار، فری لانسنگ اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کو معاشی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ای کامرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کو بھی خوش آئند قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سروس کی بندش پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں آج بھی بنیادی سہولیات کی کمی ہے، جہاں کئی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس دستیاب نہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور مالی سال 2026-27 کو صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔