وزیراعلیٰ خیبر کی ضم اضلاع میں عوامی خدمات بہتر بنانے کے لیے حکام کو تین ماہ کی مہلت

وزیراعلیٰ خیبر کی ضم اضلاع میں عوامی خدمات بہتر بنانے کے لیے حکام کو تین ماہ کی مہلت

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضم اضلاع میں سرکاری خدمات کی فراہمی مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس عرصے کے دوران عوام کو انتظامی کارکردگی اور سہولتوں میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ضم اضلاع کی امن و امان کی صورتحال، گورننس، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران محمد سہیل آفریدی نے شمالی وزیرستان میں ایک ہفتے کے اندر ترقیاتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے مطلوبہ افسران اور عملہ فوری طور پر تعینات کیا جائے۔انہوں نے ضم اضلاع میں اسکول سے باہر بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے خصوصی اقدامات کی بھی ہدایت کی۔ ان کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو بھی ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضم اضلاع نے اہم کردار ادا کیا ہے، اسی لیے ان علاقوں کی سکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید اسلحہ اور ضروری آلات کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔اجلاس میں صحت کے شعبے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ضم اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی دستیاب تعداد کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں مزید ڈاکٹرز کی بھرتی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔