وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا رات گئے تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ
پشاور( اباسین خبر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے رات گئے بغیر پروٹوکول تھانہ یونیورسٹی ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اور پولیس کی کارکردگی، سہولیات اور عوامی خدمات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے تھانے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، حوالات میں موجود افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں سے بھی گفتگو کرتے ہوئے ڈیوٹی کے حالات، پیشہ ورانہ امور اور درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پر سہیل آفریدی نے کہا کہ تھانہ عوام کو انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا پہلا ادارہ ہے، اس لیے ہر شہری کے ساتھ عزت، خوش اخلاقی اور مساوی سلوک کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے، جبکہ زیرِ حراست افراد کے ساتھ قانون، آئین اور انسانی وقار کے مطابق برتاؤ کرتے ہوئے ان کے تمام قانونی حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق شفاف، باوقار اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ ریاستِ مدینہ کے تصور کے تحت کمزور اور بے سہارا طبقات کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام دوست، جوابدہ اور خدمت پر مبنی پولیسنگ کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔