خواجہ آصف نے گروپ کیپٹن عاصم کے قتل سے متعلق دعوے کو مسترد کر دیا
اسلام آباد( اباسین خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل کی ذمہ داری سے متعلق کالعدم عسکری گروہ کی جانب سے کیے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد میں گروپ کیپٹن عاصم طارق کے بہیمانہ قتل کی ذمہ داری طالبان کی جانب سے قبول کرنے کا دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس قسم کے دعووں کا مقصد محض تشہیر حاصل کرنا ہے۔ ان کے بقول ایسے عناصر مستقبل میں عام جرائم، جیسے چوری اور ڈکیتی، کی ذمہ داری لینے کے دعوے بھی کر سکتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایسے گروہوں کا مقصد صرف مختلف واقعات کا کریڈٹ حاصل کرنا ہے، جبکہ حقیقت، اخلاقی ذمہ داری اور درست معلومات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔وزیر دفاع کے بیان کے علاوہ اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی۔