انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ معاملے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور( سپورٹس ڈیسک) قومی ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی موجودگی کے معاملے کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے بینائی سے متعلق دوا استعمال کی تھی، تاہم ایشین بیچ گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ سے قبل اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں مئی میں نوٹس جاری کیا گیا۔ ریسلر نے آنکھوں کے تمام طبی معائنے، اسکین رپورٹس اور استعمال ہونے والی ادویات کی مکمل تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کیں۔ طبی رپورٹس اور ادویات کے جائزے کے بعد انعام بٹ کی بیماری کی تصدیق ہوگئی۔ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے بعد ازاں انعام بٹ کا دوبارہ ٹیسٹ بھی کیا اور معاملے کا جائزہ لیا۔ آئی ٹی اے کو ادویات کی مکمل فہرست فراہم کی گئی، جس کے بعد کھلاڑی کو ان ادویات کے استعمال کی اجازت بھی دے دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی انتہائی معمولی مقدار پائی گئی، جبکہ مذکورہ دوا طاقت بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ علاج کی غرض سے استعمال کی گئی تھی۔ تاہم ڈوپ ٹیسٹ سے پہلے دوا کے استعمال سے متعلق آگاہ نہ کرنے پر انعام بٹ کے خلاف کارروائی کا امکان موجود ہے۔ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام اور انعام بٹ کے درمیان معاملے پر خط وکتابت جاری ہے۔ ریسلر بی سیمپل کے ٹیسٹ کے لیے نہیں جائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے پر معاملہ کھیلوں کی ثالثی عدالت میں پیش کیا جاسکتا ہے۔