کرک میں تخریبی کارروائی کا منصوبہ ناکام، آئی ای ڈی ناکارہ
پشاور( اباسین خبر) ضلع کرک میں بڑی تخریبی کارروائی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے غول بانڈہ، درگہ شہیدان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی اور ممکنہ کارروائیوں کے پیش نظر مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران غول بانڈہ میں ڈیم کے قریب سڑک کنارے نصب مشکوک آئی ای ڈی کی اطلاع ملی، جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو محفوظ بنایا اور آمدورفت محدود کردی۔بعد ازاں بم ڈسپوزل یونٹ نے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ مشکوک آئی ای ڈی کو کامیابی سے ناکارہ بنادیا، جس سے ممکنہ بڑی تخریبی کارروائی کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دشوار گزار اور پہاڑی علاقوں میں فضائی نگرانی اور نگرانی کا عمل بھی جاری رکھا۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشت گرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں اور اہداف کی نگرانی کی، جبکہ علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن اور نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا گیا تاکہ دہشت گرد عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کی گرفت میں لایا جاسکے۔