تنقید کے بعد کنگنا کا یوٹرن، جین زی کو ’’ہیپی فرینڈشپ ڈے‘‘ کا پیغام

تنقید کے بعد کنگنا کا یوٹرن، جین زی کو ’’ہیپی فرینڈشپ ڈے‘‘ کا پیغام

Aug 4, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی سیاست دان کنگنا رناوت نے جین زی پر سخت تنقید کے چند روز بعد نوجوان نسل کے لیے دوستانہ پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں ’’ہیپی فرینڈشپ ڈے‘‘ کی مبارکباد دی۔کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ جم کے دوران ان کی دو جین زی لڑکیوں سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے ڈیجیٹل دور، سوشل میڈیا، انسٹاگرام، ڈیٹنگ ایپس اور مصنوعی ذہانت کو اپنی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ قرار دیا۔اداکارہ کے مطابق گفتگو کے دوران لڑکیوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق حاصل ہونا چاہیے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔کنگنا نے مزید لکھا کہ بعض معاملات میں آزاد خیال اور قدامت پسند طرزِ فکر کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر رہے ہیں، جس کے منفی اثرات بعض اوقات بچوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں، جو تشویش کا باعث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گفتگو میں شامل دونوں نوجوان لڑکیوں نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی ضروری ہے۔اپنی پوسٹ کے اختتام پر کنگنا رناوت نے ’’ہیپی فرینڈشپ ڈے، میرے جین زی دوستوں‘‘ کا پیغام بھی تحریر کیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل کنگنا رناوت نے بھارت میں طلبہ احتجاج کے دوران بعض مظاہرین کی زبان اور رویے پر تنقید کرتے ہوئے جین زی کے حوالے سے متنازع بیان دیا تھا، جس پر انہیں شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔