جان ریمبو کا شکوہ: ٹی وی انڈسٹری میں مناسب کردار نہ ملنے پر تحفظات

جان ریمبو کا شکوہ: ٹی وی انڈسٹری میں مناسب کردار نہ ملنے پر تحفظات

Jun 27, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار افضال خان المعروف جان ریمبو نے ٹیلی وژن انڈسٹری میں فنکاروں کے ساتھ امتیازی سلوک اور کرداروں کی غیر منصفانہ تقسیم پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔جان ریمبو ماضی کی مقبول فلمی صنعت کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اپنے طویل کیریئر میں سینکڑوں فلموں میں کام کر چکے ہیں۔ وہ اپنی مزاحیہ اداکاری اور رقص کی صلاحیتوں کی وجہ سے خاص شہرت رکھتے ہیں۔حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے فلم سے ٹیلی وژن کی طرف منتقلی کے بعد پیش آنے والی مشکلات اور کرداروں کی تقسیم کے حوالے سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں زیادہ تر مزاحیہ کردار دیے گئے، جس کے باعث وہ سنجیدہ اور مضبوط کردار ادا کرنے کے مواقع سے محروم رہے جن کی وہ خواہش رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جاوید شیخ اور ندیم جیسے اداکار مرکزی کرداروں میں نظر آتے تھے اور انہیں بھرپور اداکاری کے مواقع ملتے تھے، جبکہ ان جیسے کئی فنکاروں کو محدود کرداروں تک ہی رکھا گیا۔اداکار کے مطابق جب ان کی عمر اور تجربے کے مطابق سنجیدہ کردار کرنے کا وقت آیا تو اس دوران فلمی صنعت پہلے ہی زوال کا شکار ہو چکی تھی۔جان ریمبو نے یہ بھی کہا کہ ٹیلی وژن انڈسٹری میں بھی انہیں ان کی صلاحیتوں کے مطابق کردار نہیں مل رہے، حالانکہ وہ اب بھی بھرپور توانائی کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہیں مستقبل میں ایسے معیاری اور باوقار کردار دیے جائیں گے جن کے ذریعے وہ اپنی مکمل اداکاری کے جوہر دکھا سکیں۔