کراچی( شو بز ڈیسک) معروف اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے ایک مداح کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا انکشاف کیا ہے۔جگن کاظم گزشتہ تین دہائیوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اپنی خوش مزاج شخصیت اور کھل کر بات کرنے کے انداز کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔ایک حالیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک مشکل وقت میں جب ان کی والدہ کی طبیعت خراب تھی اور وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، وہ ڈاکٹر کی تلاش میں بازار میں موجود تھیں۔اداکارہ کے مطابق اس دوران ایک مداح لڑکی نے انہیں دیکھ کر ویڈیو بنانا شروع کر دی، حالانکہ وہ اس وقت شدید پریشانی اور جذباتی کیفیت میں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حالت میں مداح کو روک بھی نہ سکیں اور وہ ویڈیو بنا کر چلی گئی۔جگن کاظم نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکار بھی عام انسان ہوتے ہیں اور انہیں بھی نجی زندگی اور پرائیویسی کا حق حاصل ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مشہور شخصیات کو عوامی مقامات پر بھی انسان سمجھا جائے اور ان کی ذاتی مشکلات اور جذبات کا احترام کیا جائے۔
جگن کاظم کا مداح کے رویے پر افسوس کا اظہار، نجی زندگی کے احترام کی اپیل
2 گھنٹے قبل