ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار امتیاز علی نے اپنی مشہور فلم جب وی میٹ سے متعلق ایک اہم اور دلچسپ انکشاف کیا ہے۔ایک حالیہ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے یہ فلم لکھی تھی تو ان کے ذہن میں یہ کسی روایتی محبت کی کہانی کے طور پر موجود نہیں تھی، بلکہ وہ اسے دو اجنبی افراد کے درمیان جذباتی تبدیلی اور شخصیت کی نشوونما کی کہانی کے طور پر دیکھتے ہیں۔امتیاز علی کے مطابق اس وقت وہ خود بھی محبت کے تصور کو مکمل طور پر نہیں سمجھتے تھے، اسی لیے کہانی کو کلاسیکی رومانوی فلم کے بجائے ایک نفسیاتی اور جذباتی سفر کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپنی ابتدائی فلم سوچا نہ تھا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں مرکزی کردار کی الجھن دراصل ان کی اپنی اندرونی کیفیت کی عکاسی تھی۔ہدایت کار نے مزید کہا کہ انسان اکثر زندگی میں ایک سمت میں بڑھ رہا ہوتا ہے لیکن اس کا دل کسی اور طرف کھنچتا ہے، اور اسی سوال کا واضح جواب انہیں خود بھی نہیں ملا، تاہم انہوں نے اسی الجھن کو اپنی فلمی کہانیوں میں بیان کرنے کی کوشش کی۔