اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیشہ کیفوں سے متعلق کیس میں ڈی سی اور آئی جی کو طلب کر لیا
اسلام آباد( اباسین خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کے قیام اور ان سے متعلق دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر دو صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا، جس میں تمام متعلقہ فریقین کو سات روز کے اندر جواب اور پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔عدالتی حکم کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں بڑی تعداد میں شیشہ کیفے قائم ہیں، جن میں بعض متعلقہ اجازت نامے (این او سی) کے ساتھ جبکہ کئی بغیر اجازت کے کام کر رہے ہیں۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کیفے ایچ آئی وی سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔درخواست گزار نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ متعلقہ ادارے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔عدالت نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں رپورٹ اور پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کا حکم دیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید حکم دیا کہ درخواست کی نقل سرکاری وکیل کو فراہم کی جائے تاکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت بھی کی جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔