اسلام آباد( کامر س ڈیسک)ملک میں جنگی اور مشکل معاشی حالات کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار ہے اور نئے کاروباری مواقع سامنے آ رہے ہیں۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے وحدت پولٹری فارم کے ابتدائی عوامی اجرا کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پچاس ملین نئے جبکہ اکتیس لاکھ پرانے شیئرز فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔یہ اجرا بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا، جس میں ستر فیصد حصص ادارہ جاتی اور بڑے سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے جبکہ تیس فیصد حصص عام سرمایہ کاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔رواں مالی سال کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں یہ آٹھواں ابتدائی عوامی اجرا ہے، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سرمایہ جاتی منڈیاں مستحکم ہو رہی ہیں اور اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا عمل مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو ترغیب دی کہ آن لائن کھاتے کھول کر سرمایہ کاری کریں اور ملکی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔