سندھ طاس معاہدے پر عالمی عدالت کا فیصلہ اہم کامیابی ہے: سرفراز بگٹی

سندھ طاس معاہدے پر عالمی عدالت کا فیصلہ اہم کامیابی ہے: سرفراز بگٹی

Sep 2, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ( اباسین خبر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ طاس معاہدے کی حیثیت سے متعلق عالمی ثالثی عدالت کے متفقہ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کے مؤقف کی اہم قانونی اور سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت کا متفقہ فیصلہ اس بات کی واضح توثیق ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل، ختم یا التوا میں نہیں ڈال سکتا، یہ معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کا قانونی طور پر پابند ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق عدالت نے بھارت کی جانب سے معاہدے کی معطلی یا خاتمے کے لیے پیش کیے گئے مختلف جواز تسلیم نہیں کیے۔ ان جواز میں خودمختاری، پاکستان کی جانب سے مبینہ خلاف ورزی، دہشت گردی، حالات میں تبدیلی، مسلح تنازع اور جوابی اقدامات شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے میں ترمیم یا اسے ختم کرنے کا راستہ صرف پاکستان اور بھارت کی باہمی رضامندی سے نئے معاہدے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ کے پانیوں سے متعلق پاکستان کے دیرینہ حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے یہ فیصلہ انتہائی اہم ہے، جبکہ اس سے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور عالمی قانون کی بالادستی کے اصول بھی مزید مستحکم ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ رتلے پن بجلی منصوبے کے معاملے پر بھی عدالت کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر عبوری اقدامات کی منظوری اہم پیش رفت ہے۔ بھارت کو ڈیم کی دیوار اور بجلی کے پانی کے حصول کے ڈھانچے کے مخصوص حصوں پر مقررہ سطح سے زائد کنکریٹنگ سے روک دیا گیا ہے، جبکہ منصوبے کے تعمیراتی شیڈول میں کی جانے والی تبدیلیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنا بھی بھارت پر لازم قرار دیا گیا ہے۔