ٹک ٹاکر شمسو کے قتل میں ملوث ملزمان کی فرار ہوتے تصاویر سامنے آگئیں
ٹیکسلا( شوبز ڈیسک) ٹک ٹاکر شمسو عرف عائشہ گیلامنہ کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی تصاویر سامنے آگئیں، جن میں انہیں فائرنگ کے بعد فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے جبکہ موٹرسائیکل پر نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی۔ واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے ملزمان کے دو مبینہ سہولت کاروں سمیت چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق دو روز قبل موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے ٹیکسلا بائی پاس کے قریب ٹک ٹاکر شمسو کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق جبکہ ان کی 15 سالہ بہن شدید زخمی ہوگئیں۔28 سالہ عائشہ گیلامنہ اپنی بہن کے ہمراہ ٹیکسلا سے راولپنڈی جارہی تھیں کہ مسلح موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ کو متعدد گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔زخمی 15 سالہ بہن کو فوری طبی امداد کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ عائشہ گیلامنہ سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیوز کے باعث مقبول تھیں اور ٹک ٹاک سے آمدن بھی حاصل کرتی تھیں۔