حمیرا بانو نے شادی کی خوشخبری مداحوں سے شیئر کردی
کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے اپنی شادی کی خبر سماجی رابطے کے ذریعے مداحوں کے ساتھ شیئر کردی اور شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی جاری کیں، تاہم ان کے شوہر کا چہرہ اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔تصاویر میں حمیرا بانو اپنے شوہر کے ساتھ موجود ہیں، لیکن اداکارہ نے ان کا رخ کیمرے کی طرف نہیں کیا، جس کے باعث تصاویر میں ان کی پشت دکھائی دے رہی ہے۔اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ جذباتی پیغام بھی شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انسان اپنے لیے کچھ منصوبہ بناتا ہے، مگر اللہ کی مرضی کچھ اور ہوتی ہے اور جب رب کسی کام کا حکم دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے حمیرا بانو کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مایا خان، صباحت بخاری، منشا ملک اور عرفان موری والا سمیت متعدد فنکاروں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مداحوں نے بھی نئی زندگی کے آغاز پر اداکارہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔حمیرا بانو پاکستانی ڈرامہ صنعت کی تجربہ کار اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کرچکی ہیں اور بالخصوص ماں کے کرداروں میں ناظرین کی توجہ حاصل کرتی رہی ہیں۔ان کے معروف ڈراموں میں امید، مہرپوش، میرا رب وارث، ملالِ یار، ڈولی ڈارلنگ، میرے اپنے، بے نام، بنو، دیوانگی اور محروم شامل ہیں۔ اداکارہ نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا، اسی لیے ان کی شادی کی اچانک خبر نے مداحوں کو حیران کردیا۔