حوثیوں کا سعودی ایف 15 طیارہ گرانے کا دعویٰ، تعز میں حملے

حوثیوں کا سعودی ایف 15 طیارہ گرانے کا دعویٰ، تعز میں حملے

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

صنعا، ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کے حوثی جنگجوؤں نے سعودی فضائیہ کا ایف 15 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے یمن کے صوبہ تعز میں تین مواصلاتی ٹاورز کو نشانہ بنایا ہے۔حوثی عسکری میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں مسلح جنگجو تباہ شدہ طیارے کے ملبے کے قریب موجود ہیں۔ حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں کہا کہ سعودی فضائیہ کے ایف 15 طیارے کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔تاہم آزاد ذرائع سے ویڈیو کے مقام اور اس کی ریکارڈنگ کے وقت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ دستیاب معلومات کے مطابق 16 ستمبر سے پہلے اس ویڈیو کا کوئی پرانا ورژن بھی آن لائن موجود نہیں تھا۔ویڈیو میں نظر آنے والا طیارہ بری طرح تباہ شدہ ہے، جس کے باعث اس کے ماڈل کی فوری شناخت ممکن نہیں۔ تاہم اس کے دم والے حصے پر سعودی عرب کا قومی پرچم نمایاں ہے، جس سے اس کے سعودی فضائیہ سے تعلق کا تاثر ملتا ہے۔مختلف مناظر میں ملبے کی ساخت، حالت اور جلنے کے نشانات ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ویڈیو میں ایک ہی طیارے کا ملبہ دکھایا گیا ہے۔سعودی حکام نے حوثیوں کے دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، جبکہ طیارے کی تباہی اور اس کی نوعیت کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔دوسری جانب یمن کے صوبہ تعز میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے جنگی طیاروں نے تین مواصلاتی ٹاورز پر بمباری کی۔حوثیوں کے زیرانتظام ٹی وی چینل المسیرہ کے مطابق حملے تعز ضلع کے الذکرہ اور الحوبان جبکہ خدیر ضلع کے الراھدہ علاقے میں قائم مواصلاتی ٹاورز پر کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق فضائی کارروائیوں سے ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمیوں کی اطلاع نہیں ملی۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بھی حملوں پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔واضح رہے کہ یمن میں حوثی جنگجوؤں اور سعودی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان تنازع کے دوران مواصلاتی سمیت اہم تنصیبات ماضی میں بھی متعدد بار حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔