ریکھا کے مبینہ محبت نامے کے سوال پر حسن جہانگیر کا دلچسپ جواب

ریکھا کے مبینہ محبت نامے کے سوال پر حسن جہانگیر کا دلچسپ جواب

Jul 6, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار حسن جہانگیر نے بھارتی اداکارہ ریکھا کی جانب سے مبینہ محبت نامہ موصول ہونے کے سوال پر دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض باتیں راز ہی رہنے دینا بہتر ہوتا ہے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے شہرۂ آفاق گیت ہوا ہوا کی غیر معمولی کامیابی کے بعد ریکھا نے انہیں محبت نامہ بھیجا تھا؟ اس پر حسن جہانگیر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی، تاہم زندگی کی کچھ یادیں پردۂ راز میں ہی اچھی لگتی ہیں۔گلوکار نے بتایا کہ انہیں بھارت میں ہمیشہ بے پناہ محبت اور عزت ملی، وہاں قیام کے دوران کبھی کسی ناخوشگوار صورتِ حال کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادھوری ڈکشٹ، گووندا، شاہ رخ خان، سلمان خان اور متھن سمیت کئی بھارتی فنکاروں سے ان کے دوستانہ تعلقات رہے اور آج بھی ان سے رابطہ برقرار ہے۔حسن جہانگیر نے اپنے فنی سفر کے ایک اہم فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بھارت میں بطور ہیرو متعدد فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی، لیکن انہوں نے سات بڑی فلموں کی پیشکش قبول کرنے کے بجائے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ان کے مطابق ان فلموں میں نیلم، مادھوری ڈکشٹ اور دیگر معروف اداکارائیں شامل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ان منصوبوں کا حصہ بنتے تو ممکن تھا کہ وہ فلمیں غیر معمولی کامیابی حاصل کرتیں۔