ہری پور میں طوفانی بارشوں سے تباہی، کئی رابطہ سڑکیں بند
پشاور( اباسین خبر) ضلع ہری پور کی یونین کونسل ناڑہ آمازئی، تحصیل غازی میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث شدید نقصان ہوا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔آمازئی کے گاؤں کالیلاڑ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کالیلاڑ روڈ مکمل طور پر بند ہوگئی، جس سے ہری پور کا ضلع طورغر اور ضلع صوابی سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔مقامی افراد کے مطابق گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گورنمنٹ پرائمری اسکول کالیلاڑ بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ بجلی کے کھمبے گرنے سے پورے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔آمازئی، کالیلاڑ اور بیٹ گلی کے رہائشی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر ہری پور، تحصیل انتظامیہ غازی، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 سے فوری امدادی کارروائیوں کی اپیل کی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ رابطہ سڑکوں کی بحالی کیلئے فوری طور پر بھاری مشینری روانہ کی جائے، جبکہ متاثرہ اسکول اور بجلی کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے۔مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر بند سڑکیں کھولی جائیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔