’عینک والا جن‘ کے ری بوٹ پر حفیظ طاہر برہم
لاہور( شوبز ڈیسک)پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول کلاسک ڈرامے ’عینک والا جن‘ کے خالق اور مصنف حفیظ طاہر نے اینیمیٹڈ ری بوٹ بغیر اجازت تیار کیے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔’عینک والا جن‘ پاکستان کے مقبول ترین بچوں کے ڈراموں میں شمار ہوتا ہے، جس نے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں میں بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ اس ڈرامے کے کردار اور کہانی کئی نسلوں کی یادوں کا حصہ بن چکے ہیں۔حال ہی میں اس ڈرامے کے اینیمیٹڈ ری بوٹ کے ٹیزرز سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے، جن میں اصل کرداروں کو اینیمیٹڈ انداز میں پیش کیا گیا۔تاہم ڈرامے کے مصنف حفیظ طاہر نے اس منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اینیمیٹڈ ری بوٹ ان کی اجازت یا مشاورت کے بغیر تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاملہ حل نہ ہوا تو وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے پر بھی غور کر سکتے ہیں۔