حبیب جالب کی بیٹی روزگار کیلئے ریڑھی لگانے نکلی، پہلے ہی روز کام بند کرا دیا گیا

حبیب جالب کی بیٹی روزگار کیلئے ریڑھی لگانے نکلی، پہلے ہی روز کام بند کرا دیا گیا

Aug 22, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( شوبز ڈیسک)لاہور میں معروف مرحوم شاعر حبیب جالب کی صاحبزادی طاہرہ حبیب جالب نے معاشی مشکلات کے باعث گھر کا تیار کردہ کھانا ریڑھی پر فروخت کرنے کا آغاز کیا، تاہم مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے پہلے ہی روز انہیں کام سے روک دیا۔طاہرہ حبیب کے مطابق انہوں نے جون میں ضلعی انتظامیہ کو ماڈل ریڑھی بازار کے تحت ریڑھی لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی، مگر انہیں بتایا گیا کہ وہ حکومتی معیار پر پورا نہیں اترتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ درخواست مسترد کرنے کی واضح وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ریڑھی لگانے کے بعد بعض افراد نے خود کو میونسپل کارپوریشن کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے سامان سمیٹنے کا حکم دیا۔ طاہرہ کے مطابق انہوں نے کھانے کی تیاری پر ہزاروں روپے خرچ کیے تھے، اس لیے اچانک کام بند کرنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا۔طاہرہ حبیب نے کہا کہ وہ 2014 سے نجی ٹیکسی سروس چلا رہی ہیں اور محنت کرکے اپنے اخراجات پورے کرنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کے مطابق ریڑھی لگانے کے لیے مبینہ طور پر بھتے کا مطالبہ بھی کیا گیا، جس پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کس قانون کے تحت ہو رہا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو کے ذریعے معاملہ سامنے لاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک معروف شاعر کی بیٹی کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جا سکتا ہے تو عام شہریوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا۔سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے طاہرہ حبیب جالب سے رابطہ کیا اور انہیں روزگار کے سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے بھی طاہرہ سے ملاقات کی درخواست کی اور کہا کہ حبیب جالب کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔