وفاقی حکومت کا نئے مالی سال میں بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران بھی اخراجات پر قابو پانے کے لیے کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی ہے، جن کا اطلاق وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، سرکاری ملکیتی اداروں اور قانونی حیثیت رکھنے والے اداروں پر ہوگا۔وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات وفاقی حکومت کی لازمی آئینی ہدایات تصور کیے جائیں گے اور تمام متعلقہ اداروں کے لیے ان پر عمل درآمد ضروری ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری کمیٹی کو صرف ٹھوس اور قابل جواز وجوہات کی بنیاد پر ہر کیس کا الگ الگ جائزہ لے کر رعایت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔وزارت خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کو ممکن بنایا جا سکے۔