عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں تو ریلیف دیں گے، علی پرویز ملک
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں تو حکومت بھی عوام کو اس کا فائدہ منتقل کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کرے گی، جبکہ ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کرتے ہوئے آگے بڑھے گا۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جتنی کمی ہوئی، حکومت نے اس سے بڑھ کر عوام کو ریلیف فراہم کیا تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض عناصر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جبکہ شہباز شریف نے قیمتوں میں کمی کا فوری فائدہ عوام تک پہنچایا۔علی پرویز ملک کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے اور ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے خاتمے کے بعد عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔