مذاکرات ناکام کرانے کی ذمہ دار حکومت ہے، پی ٹی آئی نہیں:شوکت یوسف زئی

مذاکرات ناکام کرانے کی ذمہ دار حکومت ہے، پی ٹی آئی نہیں:شوکت یوسف زئی

Oct 6, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ دار پی ٹی آئی نہیں بلکہ وفاقی وزراء ہیں۔اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی نے سوال کیا کہ 99 فیصد معاملات پر اتفاق رائے کا دعویٰ کرنے والی حکومت مذاکرات سے پیچھے کیوں ہٹی؟ ایک فیصد معاملے کے حل کے لیے مزید وقت دیا جاسکتا تھا۔انہوں نے وفاقی وزراء کی جانب سے پی ٹی آئی پر سہولت کاری کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی رہنما کے خلاف کوئی ثبوت ہے تو اسے سامنے لایا جائے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ملکی معیشت لانگ مارچ سے تباہ نہیں ہوئی، حکومت کو چار سال ملے لیکن اس کی معاشی پالیسیاں ناکام رہیں۔ حکومت نے معیشت پر توجہ دینے کے بجائے پی ٹی آئی کو ختم کرنے پر اپنی توانائیاں صرف کیں۔انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے 2025ء کے آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کبھی تعاون سے انکار نہیں کیا۔ صوبے میں ہنگامی حالت یا گورنر راج 5 کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوگا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امید ہے گورنر ہاؤس سازشوں کا مرکز نہیں بنے گا۔ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا آج بھی مذاکرات کی بات کررہے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ بغیر کسی تعطل کے اپوزیشن سے دوبارہ مذاکرات شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا مشورہ دینے والے وزراء حکومت کو مزید بند گلی میں لے جانا چاہتے ہیں۔ ہمارے مطالبات جائز ہیں، ہم ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔شوکت یوسف زئی کے مطابق عمران خان سے ملاقات، انہیں اسپتال منتقل کرنا، مقدمات کی جلد سماعت اور ان کی بہنوں کی رہائی ہی موجودہ صورت حال کا واحد حل ہے۔