گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن مکمل پیداواری صلاحیت پر بحال

گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن مکمل پیداواری صلاحیت پر بحال

Jun 27, 2026|ویب ڈیسک

 اسلام آباد( کامرس ڈیسک) جنوبی وزیرستان میں واقع گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن کا متاثرہ پیداواری یونٹ کامیابی سے بحال کر کے قومی گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاور سٹیشن دوبارہ اپنی مکمل 17.4 میگاواٹ پیداواری صلاحیت پر کام کرنے لگا ہے۔واپڈا کے مطابق بحال کیے گئے یونٹ کو تمام ضروری تکنیکی اور عملی جانچ کے مراحل مکمل ہونے کے بعد قومی گرڈ سے جوڑا گیا، جس کے نتیجے میں 17.4 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔واپڈا کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث پاور سٹیشن کے دونوں پیداواری یونٹس اکتوبر 2016 میں بند ہو گئے تھے، جس کے بعد گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن گزشتہ آٹھ برس سے اپنی نصف پیداواری استعداد پر بجلی پیدا کر رہا تھا۔پاور سٹیشن کے دو پیداواری یونٹس ہیں اور ہر یونٹ کی صلاحیت 8.7 میگاواٹ ہے۔ واپڈا نے ایک یونٹ جون 2018 میں بحال کر لیا تھا، تاہم خرابی کی پیچیدہ نوعیت کے باعث دوسرے یونٹ کی بحالی ممکن نہ ہو سکی تھی۔واپڈا کے مطابق دوسرے یونٹ کی بحالی کے لیے 35 کروڑ 95 لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ اپریل 2026 میں شروع کیا گیا، جسے مقررہ مدت سے پہلے صرف 80 روز میں مکمل کرتے ہوئے 25 جون 2026 کو یونٹ کو دوبارہ فعال کر دیا گیا۔گومل زام ہائیڈل پاور سٹیشن 132 کے وی جنوبی وزیرستان۔ٹانک ترسیلی لائن کے ذریعے قومی گرڈ سے منسلک ہے اور مکمل استعداد پر کام کرتے ہوئے سالانہ تقریباً 9 کروڑ 9 لاکھ یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔واپڈا کے مطابق پاور سٹیشن کی مکمل بحالی سے خیبر پختونخوا، بالخصوص جنوبی وزیرستان اور دیگر دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔گومل زام ڈیم کی مجموعی آبی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 11 لاکھ 40 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جبکہ اس کے ذریعے ایک لاکھ 91 ہزار 139 ایکڑ زرعی اراضی سیراب کی جاتی ہے۔ ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے کو بھی نمایاں فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔