ٹینکرز پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل مہنگا
تہران( کامرس ڈیسک)ٹینکرز پر حملوں کی اطلاعات اور ایران و امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوگیا۔برینٹ خام تیل کی قیمت 1.45 ڈالر یا 1.67 فیصد اضافے کے بعد 88.52 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 1.15 ڈالر اضافے سے 82.40 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 6 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 5.4 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔آئل مارکیٹ کے ماہر اینڈریو لیپوو نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ٹینکرز پر نئے حملوں اور جنگ بندی معاہدے پر خاطر خواہ پیش رفت نہ ہونے کے باعث ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتوں میں تیزی دیکھی گئی۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بدستور محدود رہی تو صورتحال مزید سنگین ہوکر ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کرسکتی ہے۔