فیول کی قیمتیں میں نہیں، عالمی منڈی بدلتی ہے: وزیر پٹرولیم

فیول کی قیمتیں میں نہیں، عالمی منڈی بدلتی ہے: وزیر پٹرولیم

Aug 20, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتیں عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کے مطابق تبدیل ہوتی ہیں، حکومت صرف ان پر عمل درآمد کرتی ہے۔پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ بعض لوگ تنقید کرتے ہیں کہ میں روزانہ پٹرولیم قیمتیں تبدیل کرتا ہوں، حالانکہ قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے حالات کے مطابق ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے ذاتی پسند یا ناپسند اہم نہیں بلکہ موجودہ فیصلوں کے مستقبل پر اثرات زیادہ اہم ہیں۔ حکومت توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور خودکفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک کی طویل مدتی توانائی ضروریات اور سلامتی یقینی بنائی جاسکے۔وزیر پٹرولیم کے مطابق توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنایا جارہا ہے جبکہ گردشی قرضے میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے کے مختلف حصوں کے درمیان بہتر رابطے کو ضروری قرار دیا۔علی پرویز ملک نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد طویل اور درمیانی مدت کی توانائی پالیسی پر کام کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی ہر دو ماہ بعد ملک کی توانائی صورتحال کا جائزہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف معاہدے کے تحت اقدامات کررہی ہے اور گزشتہ روز ڈیزل کی قیمت میں عوام کو ریلیف دیا گیا۔ آئل سیکٹر کے درمیانی مرحلے میں بھی اصلاحات لائی جارہی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بہتر انداز میں نمٹا جاسکے۔