الحمرا میں ’فرینڈز آف سیونٹینز‘، پہلا شو ہاؤس فل
لاہور( شوبز ڈیسک) الحمرا میں ’فرینڈز آف سیونٹینز‘ تھیٹر ڈرامہ پیش کردیا گیا، پہلے ہی شو میں ہال تماشائیوں سے بھر گیا جبکہ شائقین نے فنکاروں کی عمدہ پرفارمنس کو خوب سراہا، قہقہوں سے الحمرا ہال گونجتا رہا۔ڈرامے میں 1970 کی دہائی کے معاشرتی ماحول، خاندانی تعلقات اور گھریلو زندگی کو مضبوط کہانی، مؤثر پلاٹ اور معیاری مکالموں کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے میں معیاری فیملی تھیٹر کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو شائستہ، معیاری اور بامقصد تفریح فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ’فرینڈز آف سیونٹینز‘ نئی نسل کو ماضی کے معاشرتی رنگوں سے متعارف کرانے کی مثبت کوشش ہے، جبکہ فنون لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسے منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ڈرامے کا مقصد محض تفریح نہیں بلکہ مثبت اور تعمیری پیغام دینا بھی ہے۔ اس کا سکرپٹ سید انجم نے تحریر کیا جبکہ ہدایات معروف اداکار وسیم عباس نے دیں۔کاسٹ میں ہنی البیلا، قیصر پیا، اشرف خان، مہر چوہدری، ایمان نور، عثمان راج، شیزہ بٹ اور احمد مغل شامل ہیں۔پہلے شو میں عوام کے علاوہ صحافتی اور فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔’فرینڈز آف سیونٹینز‘ 14 اگست تک الحمرا میں پیش کیا جائے گا۔