مہمند میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

مہمند میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

Jul 23, 2026|ویب ڈیسک

 پشاور( اباسین خبر)ضلع مہمند میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائی تھانہ لکڑے کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں اب تک چار دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا بارودی مواد پھٹنے سے بعض سکیورٹی اہلکاروں کے شہید ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم اس حوالے سے سرکاری طور پر تصدیق جاری نہیں کی گئی۔سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔