کرک میں مشترکہ آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
پشاور( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر خٹک ڈیم کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ہونے والی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد کمانڈر زاہد گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کی شہادت کے مقدمات میں مطلوب تھے۔سی پی او نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی مزید جانچ جاری ہے، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔