غیرملکی کمپنیوں نے 2025 میں سماجی بہبود پر 15.33 ارب روپے خرچ کیے

غیرملکی کمپنیوں نے 2025 میں سماجی بہبود پر 15.33 ارب روپے خرچ کیے

Jul 2, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) پاکستان میں خدمات انجام دینے والی 200 غیرملکی کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے مالی سال 2025 کے دوران سماجی ذمہ داری کے منصوبوں پر 15.33 ارب روپے خرچ کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔او آئی سی سی آئی کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں سے ملک بھر میں 4 کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد براہِ راست مستفید ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی سرمایہ کاری میں سے 4.5 ارب روپے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے منصوبوں پر خرچ کیے گئے، جو قومی آفات کے دوران نجی شعبے کے مؤثر کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق رکن کمپنیوں نے سماجی منصوبوں کے لیے ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد رضاکارانہ افرادی گھنٹے صرف کیے، جبکہ ملک بھر میں 270 سول سوسائٹی تنظیموں کے اشتراک سے مختلف فلاحی اور ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔او آئی سی سی آئی کے مطابق غیرملکی سرمایہ کاروں کی سماجی سرمایہ کاری کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق ترتیب دیا گیا، جبکہ سیلاب متاثرین کی امداد کے علاوہ مجموعی سماجی سرمایہ کاری کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ صحت اور فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا گیا۔