وزارت خزانہ کی معاشی رپورٹ جاری، معیشت میں بہتری کی توقع
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اور آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت پیش رفت اور آئندہ بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا اثر پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی آنے کا امکان ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پیدا ہونے میں مدد ملے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق جون میں مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ مالی سال 2025-26 میں ملکی معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط ہوئی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 میں معاشی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران جی ڈی پی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق ملکی معیشت کا حجم 452.1 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ بجٹ میں برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجٹ میں ٹیکس گزاروں کو ریلیف، مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کے لیے مختلف اقدامات شامل کیے گئے ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 میں ملکی معاشی صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔