’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش پر پابندی، فلم ساز ہائیکورٹ پہنچ گئے

’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش پر پابندی، فلم ساز ہائیکورٹ پہنچ گئے

Aug 15, 2026|ویب ڈیسک

 کراچی( شوبز ڈیسک)سندھ میں فلم ’گھوسٹ اسکول‘ کی نمائش کی اجازت نہ ملنے پر فلم سازوں نے سندھ بورڈ آف فلم سینسرز کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر سندھ حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اگست تک جواب طلب کرلیا۔درخواست گزار کے وکیل معیز بیگ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سینٹرل سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ فلم کی نمائش کی منظوری دے چکے ہیں، تاہم سندھ بورڈ آف فلم سینسرز نے اسے صوبے میں دکھانے کی اجازت نہیں دی۔وکیل کے مطابق سندھ موشن ایکٹ 2011 کے تحت کسی فلم کو سینسر سرٹیفکیٹ دینے سے انکار صرف مخصوص قانونی بنیادوں پر کیا جاسکتا ہے۔ مذہب، قومی سلامتی، بین الاقوامی تعلقات یا اخلاقیات کے خلاف مواد فلم پر پابندی کی وجوہات بن سکتا ہے، تاہم ’گھوسٹ اسکول‘ کے معاملے میں سندھ سینسر بورڈ کا فیصلہ ان قانونی بنیادوں میں سے کسی کے تحت نہیں آتا۔عدالت کو بتایا گیا کہ فلم میں گھوسٹ اسکولز کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور اسے برطانیہ کے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کاری کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ فلم سازوں کو فیصلے سے قبل نہ شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔عدالت نے فریقین سے 21 اگست تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔