صوبائی اختیارات کے حامل وفاقی محکموں پر 5 ہزار ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف

صوبائی اختیارات کے حامل وفاقی محکموں پر 5 ہزار ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف

Nov 11, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی کی ذیلی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد گزشتہ 16 برس کے دوران وفاقی حکومت نے صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں سے متعلق وزارتوں اور محکموں پر 5 ہزار ارب روپے سے زائد خرچ کیے۔ کمیٹی نے اس اخراجات کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کے لیے مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔اجلاس میں کمیٹی نے وزیراعظم آفس کو ان وزارتوں کے خاتمے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم آفس کو نوٹس جاری کیا جاسکتا ہے۔اجلاس کے دوران آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر نے 2011 سے 2026 تک صوبائی دائرہ اختیار میں کام کرنے والی وفاقی وزارتوں کے اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے بتایا کہ ان وزارتوں پر 5 ہزار ارب روپے سے زیادہ، یعنی تقریباً 18 ارب ڈالر خرچ کیے گئے، جو اسی عرصے میں عالمی مالیاتی فنڈ سے حاصل کیے گئے 15 ارب ڈالر کے قرض سے بھی زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت آئینی تقاضوں کے مطابق صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں پر اخراجات نہ کرتی تو ملک کو عالمی مالیاتی فنڈ کے پروگراموں سے بچایا جاسکتا تھا۔کمیٹی نے وزارت خزانہ، آڈیٹر جنرل پاکستان اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو ہدایت کی کہ آئین کے تحت صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں سے متعلق وفاقی وزارتوں کے لیے مزید بجٹ جاری نہ کیا جائے۔آڈیٹر جنرل کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 16 برس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی پر 48.8 ارب روپے، وزارت تعلیم پر 1 ہزار 100 ارب، وزارت صحت پر 651 ارب، وزارت ہاؤسنگ پر 398.4 ارب، وزارت صنعت و پیداوار پر 313 ارب، وزارت بین الصوبائی رابطہ پر 51.7 ارب، وزارت انسداد منشیات پر 35 ارب، وزارت قومی غذائی تحفظ پر 270 ارب، وزارت پٹرولیم پر 32 ارب، وزارت منصوبہ بندی پر 185 ارب، وزارت ریلوے پر 687 ارب اور وزارت آبی وسائل پر 935 ارب روپے خرچ کیے گئے۔سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ کمیٹی فی الحال اس معاملے کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے تحت قومی احتساب بیورو کو بھیجنے سے گریز کر رہی ہے، تاہم صوبوں کو منتقل کیے گئے شعبوں کے لیے وفاقی بجٹ مختص کرنا قابلِ گرفت عمل ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں اور ذمہ داریوں کو جواز بنا کر وفاقی وزارتیں برقرار رکھنے کی آئین میں گنجائش نہیں، کیونکہ آئین کا آرٹیکل 173 صوبائی حکومتوں کو بھی بین الاقوامی معاہدے کرنے کا اختیار دیتا ہے۔واضح رہے کہ کمیٹی اس سے قبل حکومت کو وزارت صحت، تعلیم، قومی غذائی تحفظ، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی، ہاؤسنگ، ثقافت و ورثہ، ریلوے، صنعت، شماریات، پٹرولیم، بین الصوبائی رابطہ اور انسداد منشیات سمیت 17 وزارتیں ختم کرنے کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دے چکی ہے۔