وفاق کا کفایت شعاری پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران بھی سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے کفایت شعاری کے اقدامات برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔فیصلے کے تحت گزشتہ تین برس سے خالی تمام سرکاری آسامیوں کو ختم کر دیا جائے گا، جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ رواں مالی سال میں کسی بھی قسم کی نئی سرکاری گاڑی خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رہے گی، جبکہ سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر بھی پابندی بدستور نافذ رہے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ ان کفایت شعاری اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی۔