28 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضے 18 ہزار 832 ارب روپے بڑھ گئے

28 ماہ میں وفاقی حکومت کے قرضے 18 ہزار 832 ارب روپے بڑھ گئے

Aug 18, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت کے قرضوں میں گزشتہ 28 ماہ کے دوران 18 ہزار 832 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 16 ہزار 766 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، یوں قرضوں میں روزانہ اوسطاً 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔دستاویزات کے مطابق فروری 2024 میں وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے تھے، جو 28 ماہ کے دوران اضافے کے بعد جون 2026 تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے ہوگئے۔اعداد و شمار کے مطابق فروری 2024 میں مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہوگیا۔اسی طرح وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ فروری 2024 میں 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو جون 2026 تک بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے تک پہنچ گیا۔