پاکستان میں سٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی فیزیبلٹی اسٹڈی شروع
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت سٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے حوالے سے فیزیبلٹی اسٹڈی کے آغاز کا اجلاس ہوا۔عالمی مشاورتی ادارے ووڈ میک کینزی نے مسابقتی بولی کے عمل کے ذریعے پاکستان میں سٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی فیزیبلٹی اسٹڈی کا ٹھیکہ حاصل کرلیا ہے۔ ٹینڈر میں مجموعی طور پر چار بولیاں موصول ہوئی تھیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے تحفظ کو قومی سلامتی سے جوڑتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی بڑے عالمی تیل اداروں کے لیے عالمی معیار کی بانڈڈ اسٹوریج اسکیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔علی پرویز ملک کے مطابق آبنائے ہرمز کے حالیہ بحران نے ممکنہ رسد میں تعطل سے نمٹنے کے لیے ملکی ذخائر اور توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت واضح کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیزیبلٹی اسٹڈی پاکستان کی ضروریات کے مطابق قابلِ عمل اور مؤثر حل تجویز کرے گی۔مطالعے کے دوران سٹریٹجک ذخیرہ کاری کے لیے موجودہ بنیادی ڈھانچے، رسد کے نظام، مالی وسائل، قانونی اور ضابطہ جاتی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں اور فریقین کو ووڈ میک کینزی کے ساتھ بھرپور تعاون کی ہدایت کی۔ اسٹڈی کی پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کے لیے ایک نگران کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔