ایف بی آر کی آن لائن سروسز 8 سے 10 اگست تک جزوی معطل رہیں گی
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سسٹم کی دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کے باعث 8 اگست سے 10 اگست تک متعدد آن لائن سروسز عارضی طور پر معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ایف بی آر کے مطابق سسٹم مینٹیننس کا عمل 8 اگست رات 12 بج کر 30 منٹ سے شروع ہو کر 10 اگست صبح 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران آئی آر آئی ایس، ڈیجیٹل انوائسنگ، آن لائن ادائیگی کا نظام اور پی او ایس رجسٹریشن سمیت کئی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مینٹیننس کے دوران ٹیکس دہندگان متعلقہ آن لائن سہولیات سے استفادہ یا مالی لین دین انجام نہیں دے سکیں گے۔ایف بی آر نے تمام ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اہم ٹیکس ریٹرنز، ادائیگیاں اور رجسٹریشن کا عمل مقررہ بندش سے قبل مکمل کر لیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ادارے کا کہنا ہے کہ مینٹیننس کا کام مکمل ہوتے ہی تمام آن لائن سروسز فوری طور پر بحال کر دی جائیں گی۔ ایف بی آر نے عارضی تعطل پر معذرت کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان سے تعاون اور تفہیم کی درخواست بھی کی ہے۔