چھوٹے دکانداروں کیلئے ایف بی آر کا نیا ٹیکس نظام نافذ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے چھوٹے کاروباری افراد اور دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس طریقہ کار کا اجرا کر دیا ہے، جس کا اطلاق ٹیکس سال 2026 کے لیے ہوگا۔ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ انفرادی دکاندار جن کا سالانہ کاروبار 20 کروڑ روپے تک ہے، اس خصوصی سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس طریقہ کار کے تحت دکانداروں کو اپنے مجموعی کاروبار پر ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت کم از کم 25 ہزار روپے نقد ٹیکس کی ادائیگی لازمی ہوگی، جبکہ ودہولڈنگ ٹیکس کو قابلِ ادا ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جا سکے گا، تاہم اضافی رقم کی واپسی نہیں کی جائے گی۔ایف بی آر کے مطابق اہل دکاندار آئی آر آئی ایس پورٹل، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس دفتر کے ذریعے رجسٹریشن حاصل کر سکتے ہیں۔ سکیم میں شامل دکانداروں کا معمول کے مطابق آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔حکام کے مطابق غیر معمولی مالی سرگرمیوں یا سکیم کے غلط استعمال کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ اہل دکانداروں کو پی او ایس سسٹم اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت تک ریٹرن جمع نہ کرانے یا سکیم کا انتخاب نہ کرنے والے افراد پر 10 ہزار سے 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹرڈ اہل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے کیو آر کوڈ والی ’’گرین پلیٹ‘‘ بھی جاری کی جائے گی۔