ایف بی آر کا تاجروں کو ریلیف، زیر التوا ٹیکس ریفنڈز جلد ادا کرنے کی یقین دہانی

ایف بی آر کا تاجروں کو ریلیف، زیر التوا ٹیکس ریفنڈز جلد ادا کرنے کی یقین دہانی

Aug 5, 2026|ویب ڈیسک

کراچی( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ زیر التوا ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی جلد مکمل کی جائے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر نے کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے نمائندہ وفود سے ملاقاتیں کیں، جن میں تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے گا۔ انہوں نے جائز کاروباری اداروں کو بلاوجہ تنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کرنے پر زور دیا۔چیئرمین ایف بی آر نے کاروباری نمائندوں کے مسائل پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور ایف بی آر و کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں مسائل کے حل کے لیے ایف بی آر اور کاروباری نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی اور پی بی سی کے نمائندوں نے وزیراعظم کے اقدامات اور چیئرمین ایف بی آر کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔