لاہور ( شوبز ڈیسک) معروف اداکار فیصل قریشی نے تمغہ امتیاز نہ ملنے پر طنزیہ انداز میں اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ سوچ رہے ہیں کہ کسی بڑے سٹور کے باہر جا کر کھڑے ہو جائیں اور کہیں کہ انہیں ستارہ نہیں مل رہا۔انہوں نے بتایا کہ ان کا نام دو مرتبہ واپس بھیجا جا چکا ہے جبکہ وہ شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 33 سال مکمل کر چکے ہیں۔ اس موقع پر جب ان سے پوچھا گیا کہ آخر کون سی کمی رہ گئی جس کے باعث انہیں ایوارڈ نہیں ملا تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ شاید ان میں کیلشیئم کی کمی ہے اسی لیے انہیں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ تمغہ امتیاز کے لیے ای میلز کے ذریعے بھی کوششیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سیاسی شخصیت نہیں بلکہ محب وطن انسان ہیں، تاہم اگر کبھی ان کا نام تمغہ امتیاز کے لیے آیا تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے۔