محمد احمد سے بدتمیزی کرنے والا اداکار بے نقاب کیا جائے، فیصل قریشی

محمد احمد سے بدتمیزی کرنے والا اداکار بے نقاب کیا جائے، فیصل قریشی

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شو بزڈیسک) معروف اداکار فیصل قریشی نے سینئر فنکار محمد احمد کی جانب سے ایک معروف اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشاف پر ردعمل دیتے ہوئے ان سے متعلقہ اداکار کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔فیصل قریشی نے محمد احمد کی ویڈیو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "سر محمد احمد صاحب! نام بتائیں، پھر میں جانوں اور وہ۔"یہ ردعمل محمد احمد کے ایک پوڈکاسٹ میں کیے گئے انکشافات کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ بعض اداکاروں کی اصل شخصیت شوٹنگ سیٹ اور نجی محفلوں میں سامنے آتی ہے اور وہ خود بھی ایسے تلخ تجربات سے گزر چکے ہیں۔محمد احمد کے مطابق ایک نوجوان اداکار، جو عمر میں ان سے تقریباً 40 سال چھوٹا ہے، شوٹنگ کے دوران بار بار ان کا مذاق اڑاتا اور سب کے سامنے طنزیہ جملے کستا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر اس اداکار نے ان کے چمڑے کے بیگ پر بھی طنز کیا اور بلند آواز میں باتیں کر کے دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی اداکار نے ایک بار طنزیہ انداز میں کہا کہ سمجھ نہیں آتی محمد احمد کو کاسٹ کیوں کیا جاتا ہے، کیونکہ ان کی اداکاری اور ہیئر اسٹائل ہمیشہ ایک جیسے ہوتے ہیں۔محمد احمد نے ایک اور واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اداکار نے ایک خاتون فنکارہ سے پنکھا لے کر اسے ان کے سر کے اوپر ہیئر ڈرائر کی طرح گھمایا اور مذاق اڑاتے ہوئے کہا، "دیکھو، میں ان کا ہیئر اسٹائل بنا رہا ہوں۔"