بجلی بلوں سے ایک سال میں 476 ارب روپے ٹیکس وصول

بجلی بلوں سے ایک سال میں 476 ارب روپے ٹیکس وصول

Jul 30, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ایف بی آر حکام نے انکشاف کیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے دوران بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس کی مد میں 476 ارب روپے سے زائد رقم وصول کی گئی۔ایف بی آر حکام کے مطابق اس رقم میں 351 ارب روپے سیلز ٹیکس جبکہ 124 ارب روپے انکم ٹیکس کی مد میں شامل ہیں۔حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ مالی سال 2024-25 میں بجلی کے بلوں سے 562 ارب روپے، 2023-24 میں 515 ارب روپے جبکہ 2022-23 میں 313 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں صنعتی صارفین سے 66 ارب روپے، کمرشل صارفین سے 52 ارب روپے، گھریلو نان فائلرز سے 4 ارب 82 کروڑ روپے جبکہ گھریلو صارفین سے 235 اے کے تحت ایک ارب 37 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔ایف بی آر حکام کے مطابق بجلی کے بلوں میں وصول کیے گئے 351 ارب روپے سیلز ٹیکس میں 269 ارب روپے معمول کا سیلز ٹیکس، 55 ارب روپے اضافی ٹیکس، 55 ارب روپے مزید ٹیکس جبکہ ساڑھے 16 ارب روپے ریٹیلرز سے وصول کیے گئے۔دوسری جانب قائمہ کمیٹی نے بینکوں میں خواتین کو عبایا پہننے پر مجبور کیے جانے کے معاملے پر بھی غور کیا۔سینیٹر زرقا نے کہا کہ بعض بینکوں میں خواتین ملازمین کو عبایا پہننے کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔اس پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے واضح کیا کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ کسی خاتون کو عبایا پہننے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔کمیٹی نے بینکوں کو اس معاملے پر باضابطہ سرکلر جاری کرنے اور رپورٹ قائمہ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔