الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کا انتخابی نشان واپس لے لیا
اسلام آباد( اباسین خبر)الیکشن کمیشن نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے جماعت کو انتخابی نشان کے لیے نااہل قرار دے دیا اور اس کا انتخابی نشان کرین واپس لینے کا حکم دے دیا۔جاری کیے گئے سات صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں الیکشن کمیشن نے ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق جمع کرائی گئی دستاویزات مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جماعت الیکشن ایکٹ 2017 کے تقاضوں پر پورا نہیں اتر سکی۔فیصلے کے مطابق ٹی ایل پی کے انٹرا پارٹی انتخابات جماعتی آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 209 کے مطابق منعقد نہیں ہوئے، جس کے باعث جماعت قانونی شرائط پوری کرنے میں ناکام رہی۔الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کی دفعہ 215(5) کے تحت ٹی ایل پی کا انتخابی نشان واپس لینے کا حکم جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فیصلے پر فوری عمل درآمد کی ہدایت بھی کر دی۔فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان کا اجرا صرف اس صورت ممکن ہے جب وہ قانون کے مطابق تمام ضروری تقاضے اور شرائط مکمل کرے۔