پشاور میں پولیس چوکی پر ڈرون حملہ، دہشت گردی کا نیا طریقہ سامنے آگیا

پشاور میں پولیس چوکی پر ڈرون حملہ، دہشت گردی کا نیا طریقہ سامنے آگیا

Aug 29, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) شہری علاقے میں پولیس چوکی کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ذرائع کے مطابق ترناب پولیس چوکی پر کواڈ کاپٹر نما ڈرون کے ذریعے دو مارٹر گولے گرائے گئے۔ ایک گولہ چوکی کے اندر گرا جبکہ دوسرا قریب موجود دکانوں کے علاقے میں جاگرا، تاہم واقعے کے بعد علاقے کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔پولیس اور سی ٹی ڈی کی تشکیل کردہ ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد، گولوں کے ٹکڑے اور دیگر مواد جمع کرکے ان کا فرانزک جائزہ شروع کردیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیمیں حملہ آوروں کی شناخت اور ڈرون کے ممکنہ راستے کا سراغ لگانے سمیت مختلف پہلوؤں پر کام کررہی ہیں۔حکام کے مطابق شہری آبادی میں پولیس تنصیب پر ڈرون حملہ سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک نیا چیلنج ہے۔ پشاور میں ماضی کے دہشت گردی کے واقعات میں فائرنگ، دستی بموں اور بارودی مواد جیسے روایتی طریقے استعمال ہوتے رہے ہیں، تاہم ڈرون کے ذریعے حملہ ایک مختلف حکمت عملی کی نشاندہی کرتا ہے۔