پسند کا رشتہ نہ ملے تو شادی نہ کرنا، انوشے اشرف کو والدہ کی نصیحت
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے شادی سے متعلق معاشرتی دباؤ اور اپنی والدہ کی جانب سے ملنے والی نصیحت کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انوشے اشرف نے بتایا کہ 40 سال کی عمر تک غیر شادی شدہ رہنے پر انہیں مختلف سوالات اور تبصروں کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون نے انہیں پکڑ کر رونا شروع کردیا اور جلد شادی ہونے کے لیے دعائیں دینے لگیں۔ اس پر انوشے اشرف نے جواب دیا کہ وہ تعلیم یافتہ ہیں، ملازمت کرتی ہیں، خود کماتی ہیں اور اپنی زندگی سے مطمئن ہیں، تو شادی نہ ہونے پر پریشان ہونے کی کیا وجہ ہے؟میزبان کے مطابق ان کے والد ہمیشہ ان کی حمایت کرتے رہے، جبکہ والدہ نے انہیں نصیحت کی تھی کہ اگر کوئی لڑکا مناسب نہ لگے تو شادی کے لیے سمجھوتہ نہ کریں۔ ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ خوش ہیں تو غیر شادی شدہ رہنا بھی بہتر انتخاب ہے۔واضح رہے کہ انوشے اشرف نے اپریل 2026 میں ترکیہ کے شہر استنبول میں شادی کی تھی۔