ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ فلم ڈان 3 سے متعلق تنازع کے باعث ایک نئے بحران میں گھِر گئے ہیں، جہاں بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے ان کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کر دی ہے۔اس پیش رفت کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور بھارتی فلمی حلقوں میں اس پر بحث جاری ہے۔اداکار کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رنویر سنگھ فلمی صنعت اور ڈان فرنچائز سے وابستہ تمام افراد کا گہرا احترام کرتے ہیں، تاہم انہوں نے اس معاملے پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان کے مطابق رنویر سنگھ کا مؤقف ہے کہ پیشہ ورانہ اختلافات اور حساس معاملات کو میڈیا میں لانے کے بجائے نجی سطح پر وقار اور باہمی احترام کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں اس تنازع سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں، تاہم اداکار نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے کسی بھی افواہ کو بڑھاوا دینے سے گریز کیا ہے۔ ان کی توجہ اس وقت اپنے موجودہ اور آئندہ فلمی منصوبوں پر مرکوز ہے۔دوسری جانب تنظیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رنویر سنگھ کو معاملے پر وضاحت اور بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا، انہیں تین مرتبہ یاددہانی خطوط بھی بھیجے گئے، لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور نہ ہی وہ کسی ملاقات کے لیے پیش ہوئے، جس کے بعد ان کے خلاف عدم تعاون کی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈان 3 تنازع: رنویر سنگھ تنظیمی دباؤ کے بعد نئی مشکل کا شکار، عدم تعاون کی ہدایت جاری
1 گھنٹے قبل