دلجیت دوسانجھ نے شادیوں اور سالگرہ کی تقریبات میں گانے گا کر کیریئر کا آغاز کرنے کی کہانی سنا دی
ممبئی( شو بز ڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی ابتدائی زندگی کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کیریئر کے آغاز میں شادیوں، سالگرہ کی تقریبات اور دیگر نجی محفلوں میں معمولی معاوضے پر بھی پرفارم کرنے کے لیے تیار ہو جاتے تھے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ ان کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر کے ایک متوسط سے بھی کم آمدنی والے خاندان سے تھا، جہاں مالی مشکلات اس قدر تھیں کہ بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے پاس جانے کے لیے بھی پیسے موجود نہیں ہوتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ وہ بچپن ہی سے کامیاب اور خوشحال زندگی کا خواب دیکھتے تھے۔ ان کے مطابق ان کا پہلا البم "عشق دا اڈا اڈا" 2002 میں ریلیز ہوا، جس کے بعد انہیں نجی تقریبات میں پرفارم کرنے کی پیشکشیں ملنا شروع ہوئیں۔دلجیت کا کہنا تھا کہ جب پہلی بار انہیں سالگرہ کی تقریب میں گانے کے لیے معاوضہ ملا تو انہیں احساس ہوا کہ یہی ان کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار روپے کی پیشکش بھی کی تو انہوں نے کبھی انکار نہیں کیا اور ہر موقع قبول کرتے ہوئے دن رات مختلف تقریبات میں پرفارم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ لائیو پرفارمنسز ان کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئیں، تاہم پنجابی موسیقی کی صنعت کے بعض سینئر فنکار شادیوں میں گانے اور زیادہ شوز کرنے کو پسند نہیں کرتے تھے، لیکن انہوں نے اپنی محنت کا سفر جاری رکھا۔